حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہر سال ایران بھر میں رجب المرجب کے ایام بیض (13، 14 اور 15 رجب) میں اعتکاف کا پروگرام رکھا جاتا ہے۔ روحانیت اور معنویت سے بھرپور اس پروگرام میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصی شرکت کرتے ہیں؛گزشتہ کئی سالوں سے جوان لڑکے اور لڑکیوں کی جانب سے اعتکاف میں شرکت کی شرح میں کافی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ایران کی مرکزی اعتکاف کمیٹی کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید علی رضا تکیہ ای نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ معتکفین کی رجسٹریشن جاری ہے اور ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس سال زیادہ سے زیادہ لوگ اس روحانی محفل میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ اس سال بعض علاقوں میں طلباء کے اعتکاف کی رجسٹریشن میں 300 فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے سال 10 لاکھ افراد نے اس روحانی تقریب میں شرکت کی جن میں ۸۰ فیصد نوجوان اور ۶۱ فیصد خواتین شامل تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال اعتکاف 13 سے 15 رجب تک ہوگا۔ انقلابِ اسلامی سے پہلے اعتکاف صرف قم میں ہوتا تھا، جس میں علماء شرکت کرتے تھے مگر اب یہ ملک کے مختلف طبقوں تک پھیل چکا ہے اور نوجوانوں و طلباء کی بھرپور شرکت دیکھنے کو ملتی ہے۔
اعتکاف کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ اس سال کے اعتکاف کا شعار ”اعتکاف، معنویت اور مقاومت“ ہے۔ مقاومت ایک عالمی تحریک کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ آج کوئی نہیں کہہ سکتا کہ مقاومت صرف حزب اللہ یا غزہ کے لوگوں تک محدود ہے۔
آپ کا تبصرہ